اڈپی 2 / ستمبر (ایس او نیوز) اڈپی کے ماجور گاوں میں ناگ بن اور آس پاس کے مکانات پر جھولتا ہوا ایک بہت بڑا درخت کاٹنے کے دوران حادثاتی طور پر درخت گرنے سے جھارکھنڈ سے تعلق رکھنے والا ایک مزدور ہلاک ہوگیا ۔ جبکہ دیگر دو مزدور سنگین طور پر زخمی ہوگئے ۔
بتایا جاتا ہے کہ اس حادثے میں ہلاک ہونے والے شخص کا نام یومیہ مزدور سدھیر پانجے تھا جو دیگر دو مزدوروں کے ساتھ وشنو مورتی مندر کے پاس واقع ناگ بن پر جھولتے ہوئے بہت بڑے برگد کے درخت کو کاٹنے میں مصروف تھا ۔ اس دوران اچانک وہ درخت گر گیا اور تینوں مزدور اس کے نیچے دب گئے ۔ دو مزدروں کو زخمی حالت میں درخت کے نیچے سے نکالنے میں کامیابی ملی اور انہیں علاج کے لئے اڈپی کے اسپتال میں منتقل کیا گیا ۔ لیکن سدھیر نے درخت کے ملبے میں ہی دم توڑ دیا ۔ سدھیر کی لاش کو بڑی دقت اور مشقت کے بعد درخت کے نیچے سے نکالا جا سکا ۔
کاپ ایم ایل اے گورمےسریش شیٹی ، کاپ سب انسپکٹر عبدالقادر، کرائم سب انسپکٹر پوروشوتم اور ان کی ٹیم نے جائے وقوع پر پہنچ کر معائنہ کیا ۔ گرے ہوئے درخت کے ملبے کو ہٹانے میں مقامی افراد نے تعاون کیا ۔